یوٹیوب پر اسلام کی آڑ میں گمراہی اور پروپیگندا پھیلانے والے چینلز کی حقیقت جانئے۔
یوٹیوب پر موجود گمراہ کن چینلز جو دن رات سچائی اور جھوٹ کا
مکسچر بنا کر محض رینکنگ اور کاروبار کے لیے امت مسلمہ کو درپیش حالیہ و آئندہ فتنوں
کی بابت اپنی سکرپٹڈ موٹی ویشن کے ذریعے گمراہ کررہے ہیں۔ مذکورہ چینلز میں سرفہرست HASI TV، لائم لائٹ سٹوڈیو ، رئیلٹی ٹی وی ، حقیقت ٹی
وی اور ان سے ملتے جلتے کئی چینلز سرگرم ہیں جو بظاہر ایسے لگتے ہیں کہ انہوں نے یہود
و نصاریٰ اور دیگر دشمنان اسلام کی سازشوں کی قلعی کھول کر رکھ دی ہے لیکن حقیقت اس
کے برعکس ہے۔ یہ چینلز بڑی صفائی سے سچائی کے دودھ میں جھوٹ کا گارا مکس کرتے ہیں اور
ایسا تاثر پیش کرتے ہیں کہ اسلام کے سب سے بڑے ریسرچ سکالرز اور دور بین نگاہوں کے
حامل ہیںاور کتاب و سنت کی عصری تطبیق کرنے میں ان کا کوئی ثانی نہیں۔ خاص طور پر قرب
قیامت سے قبل ظاہر ہونیوالی علامات کے تذکروں میں یہ چینلز حد درجہ مبالغہ آرائی کرتے
ہیں اور فتنے کی قلعی کھولنے کی بجائے اس کی گتھیوں کو مزید الجھا دیتے ہیں اور ان
کو دیکھنے اور سننے والے کسی نتیجے پر پہنچنے کی بجائے مزید کنفیوژن کا شکار ہوجاتے
ہیں ۔ احقر عرصہ دراز سے ان چینلز کی بکواس بازی بڑے ذوق و شوق سے سن اور دیکھ رہا
ہے۔ احقر کے اس ذوق و شوق کی وجہ علم مہدویت و مسیحت سے لگاؤ ہے ۔ کتاب و سنت اور
سلف صالحین کی تعلیمات کی روشنی میں قرب قیامت کے فتنے پہلے سے آشکار ہیں لیکن مذکورہ
پرفریب چینلز کتاب و سنت اور اسلاف کی تعلیمات سے ہٹ کر کاہنوں اور نجومیوں کی طرح
پیشین گوئیوں کو لاریب بنا کر یوں پیش کررہے ہیں جیسے ان کو گھر بیٹھے 80 ہزار کے مائیک
اور لیپ ٹاپ کے سامنے سٹوڈیو میں کشف اور الہام ہورہے ہیںیا ان کو خودصیہونیت کے کارندے
آکر اسلام کے خلاف اپنی سازشوں کا خلاصہ سنا جاتے ہیں ۔ ان چینلز کی دھوکہ بازی کی
ابتدا ان کی ویڈیوز کے تھمب نیل سے شروع ہوتی ہے ۔ ان کے تھمب نیلز پر اس قسم کی پرتجسس
تحریریں آوایزاں ہوتی ہیں جن کو پڑھ کر یوزر ویڈیو کھولنے پر مجبور ہوجاتے ہیں کہ
آخر دیکھیں تو سہی کہ یہ معاملہ ہے کیا!! ویڈیو اوپن ہوتی ہے اور چینل کو سبسکرائیب
، بیل آئیکون کو دبانے کی گزارشات کے بعد ان چینلز کے ایڈمن سکرپٹڈ تحریروں کو پڑھتے
سنائی دیتے ہیں ۔ لیکن یہ ہمیں کیا سناتے ہیں؟ پہلے تو سچ کو بہت خوبصورت انداز میں
پیش کیا جاتا ہے تاکہ ویڈیو دیکھنے اور سننے والے کی توجہ مزید مضبوط ہو اور اس میں
شوق پید ا ہو کہ ویڈیو کو آخر تک دیکھے ۔ لیکن آہستہ آہستہ ویڈیوز میں کاہنانہ ،
طلسمانہ اور نجومیانہ تبصرے شروع ہوجاتے ہیں جن کا قرآن و سنت کے ساتھ دور دور تک
کا کوئی واسطہ نہیں ہوتا۔ان کی ویڈیوز سننے کے بعد یوں لگتا ہے کہ جیسے امت کے سارے
علماء ستو پی کرسو رہے ہیں اور ان چینلز والوں پر فرشتے وحی لالاکر انکو فتنوں سے آگاہ
کرجاتے ہیں۔ کتاب و سنت میں مذکور تمام فتنوں کی قلعی اسلاف نے کھول کررکھ دی ہے لیکن
نجانے ان چینلز کے ایڈمنز کو کائنات کے پوشیدہ رازوں سے کون آگاہ کرجاتا ہے ظاہر ہے
ملائکہ تو ہونہیں سکتے بلاشبہ ابلیسی چیلے ہی یہ خدمت گزاری کرتے ہونگے۔ ان چینلز کی ہفوات سننے کے بعد سامعین کی سوچ ان
چینلز کے ایڈمنز سے زیادہ پرفریب بن جاتی ہے اور سامعین بیچارے ڈرے سہمے اپنے قلوب
و اذہان میں ایک بدترین قسم کی مایوسی پیدا کرلیتے ہیں اور آگے اسکی ترویج کرتے ہیں
۔ ہم احباب سے گزارش کرتے ہیں کہ ان چینلز کی دھوکہ دہی ، چرب زبانی اور طلسم سے باہر
نکلیں اور کتاب و سنت کی روشنی میں ازخود حالات کا مشاہدہ کریں۔
بقلم: علی ابوتراب

0 تبصرے